سبق 4: رولز اور سسٹم انسٹرکشنز: بار بار سمجھانے سے مستقل ترجیحات تک!
سبق نمبر: 4
رولز اور سسٹم انسٹرکشنز: بار بار سمجھانے سے مستقل ترجیحات تک!
تحریر: تنزیل الرحمن (CodeHubb & MindCrafts_AI) فروکہ (سرگودھا)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
ایک اسسٹنٹ آپ کے ساتھ کام کرتا ہے۔ آپ چاہتے ہیں کہ وہ آپ کے کام کی نوعیت سمجھے، خط و کتابت میں دفتری زبان استعمال کرے، غیر ضروری تفصیل سے بچے اور کسی منصوبے میں خامی ہو تو اس کی نشان دہی بھی کرے۔ اب اگر ہر نئے کام کے ساتھ آپ کو یہی ہدایات دوبارہ دینی پڑیں تو وقت بھی ضائع ہوگا اور کام کی روانی بھی متاثر ہوگی۔
سمجھ داری یہ ہے کہ کام شروع کرتے وقت ہی اسے اپنی مستقل ترجیحات اور کام کے اصول واضح کر دیے جائیں، تاکہ ہر نئے کام پر بنیادی باتیں دہرانے کی ضرورت نہ پڑے۔
AI کے ساتھ بھی یہی طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔
پچھلے سبق میں ہم نے پرامپٹ کے ذریعے کسی خاص کام کی ہدایت دینا سیکھا تھا۔ لیکن نئی چیٹ میں پچھلی گفتگو کا مکمل سیاق لازماً موجود نہیں ہوتا، اگرچہ بعض پلیٹ فارمز میں میموری کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
اس مسئلے کے حل کے لیے مختلف AI ٹولز میں مستقل ترجیحات یا ہدایات دینے کی سہولیات موجود ہیں۔ ChatGPT میں اسے Custom Instructions کہا جاتا ہے، جبکہ کسی AI اسسٹنٹ یا چیٹ بوٹ کی تیاری میں System Instructions کے ذریعے اس کے کردار اور کام کے اصول متعین کیے جا سکتے ہیں۔
آسان الفاظ میں، پرامپٹ کسی خاص کام کی ہدایت ہے، جبکہ کسٹم انسٹرکشنز آپ کی عمومی ترجیحات بیان کرتی ہیں۔ سسٹم انسٹرکشنز عموماً اسسٹنٹ کے کردار اور بنیادی اصولوں کا تعین کرتی ہیں۔
مختلف AI ٹولز میں یہ سہولت
ChatGPT: Custom Instructions کے ذریعے اپنی ترجیحات درج کر سکتے ہیں۔ Memory کی سہولت بھی متعلقہ معلومات یاد رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔
Google Gemini: Instructions for Gemini کے ذریعے جواب کے انداز اور اپنی ترجیحات سے متعلق ہدایات دی جا سکتی ہیں۔
Claude: عمومی ہدایات کے علاوہ کسی خاص پروجیکٹ کے لیے Project Instructions بھی ترتیب دی جا سکتی ہیں۔
DeepSeek: واضح پرامپٹس کے ذریعے جواب کا انداز متعین کیا جا سکتا ہے، جبکہ API کے ذریعے اپنا اسسٹنٹ بنانے والے ڈویلپر System Message استعمال کر سکتے ہیں۔
ان سہولیات کے نام، دستیابی اور طریقۂ استعمال وقت کے ساتھ تبدیل ہو سکتے ہیں۔
ایک ضروری بات: AI کو حقیقت پسندانہ جواب دینے کی ہدایت بھی دیں!
AI ہمیشہ درست جواب نہیں دیتا۔ کبھی غیر مصدقہ بات کو حقیقت کے طور پر پیش کر سکتا ہے، کبھی ہماری رائے سے بلاوجہ اتفاق کرتا ہے اور کبھی کسی منصوبے کی کامیابی کے بارے میں ضرورت سے زیادہ پُرامید ہو جاتا ہے۔
اس لیے اپنی ہدایات میں صرف زبان اور انداز کا ذکر نہ کریں، بلکہ یہ بھی واضح کریں کہ آپ کو خوش کرنے کے بجائے درست رہنمائی فراہم کرنا ضروری ہے۔
مثلاً، آپ AI کو یہ ہدایات دے سکتے ہیں کہ وہ آپ کی ہر بات سے اتفاق نہ کرے، غلطی کی نشان دہی کرے، مبالغہ آرائی سے بچے، غیر مصدقہ معلومات اور اندازوں کو حقیقت بنا کر پیش نہ کرے، جعلی حوالہ جات نہ دے اور مشورہ دیتے وقت عملی مشکلات، اخراجات اور خطرات کو بھی مدِنظر رکھے۔
ان تمام باتوں کے لیے آپ درج ذیل جامع ہدایت استعمال کر سکتے ہیں:
> تم میرے مخلص، تجربہ کار اور حقیقت پسند استاد ہو۔ میرے سوالات کے جواب آسان اور باوقار اردو میں دو اور غیر ضروری تمہید سے بچو۔ میری خوشنودی کے لیے ہر بات سے اتفاق نہ کرو؛ اگر میری رائے یا منصوبے میں خامی ہو تو احترام کے ساتھ اس کی نشان دہی کرو۔ غیر ضروری تعریف، مبالغہ آرائی، جھوٹی تسلی اور غیر حقیقی وعدوں سے گریز کرو۔ غیر مصدقہ معلومات کو حقیقت بنا کر پیش نہ کرو، اندازوں اور ثابت شدہ حقائق میں فرق واضح رکھو اور جہاں ضروری ہو معتبر ذرائع سے تصدیق کرو۔ جعلی حوالہ جات یا فرضی اعداد و شمار پیش نہ کرو۔ اگر کسی بات کا علم نہ ہو یا تصدیق ممکن نہ ہو تو صاف بتاؤ۔ اپنی غلطی سامنے آنے پر اسے تسلیم کرو۔ مشورہ دیتے وقت عملی حالات، لاگت، وقت اور ممکنہ خطرات کو مدِنظر رکھو۔ مقصد مجھے خوش کرنا نہیں، بلکہ درست معلومات اور قابلِ عمل رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے، ایسی ہدایات AI کی غلطیوں کے امکانات کم کرنے اور جواب کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہیں، لیکن غلطی سے مکمل حفاظت کی ضمانت نہیں دیتیں۔
عملی مشق اور تجربہ
آئیے، اب خود تجربہ کرتے ہیں۔
1۔ اگر آپ ChatGPT استعمال کرتے ہیں تو Settings میں Personalization کے تحت Custom Instructions تلاش کریں۔
2۔ وہاں اپنی ترجیحات درج کریں۔ ابتدا کے لیے یہ دو ہدایات بھی کافی ہیں:
’’تم میرے ایک سینئر اور مخلص استاد ہو۔‘‘
’’میرے سوالات کے جواب آسان اور باوقار اردو میں دینا، غیر ضروری لمبی تمہید سے بچنا اور جہاں مناسب ہو عملی مثال دینا۔‘‘
3۔ اب ایک نئی چیٹ کھولیں اور صرف یہ سوال پوچھیں:
’’ویب سائٹ کی اسپیڈ کیوں ضروری ہے؟‘‘
دیکھیے کہ جواب میں آپ کی ترجیحات کس حد تک ملحوظ رکھی گئی ہیں۔
اس کے بعد یہ سوال بھی کریں:
’’میرا خیال ہے کہ صرف SEO پلگ اِن انسٹال کرنے سے ویب سائٹ پر ہزاروں وزیٹرز آ سکتے ہیں۔ کیا میری بات درست ہے؟‘‘
دیکھیے کہ AI آپ کی بات سے بلاوجہ اتفاق کرتا ہے یا اس کی حقیقت واضح کرتے ہوئے اپنی رائے کی وجوہات بھی بیان کرتا ہے۔
آج کا ٹاسک
اپنے AI ٹول میں اپنی ضروریات کے مطابق ہدایات درج کریں اور مختلف موضوعات پر سوالات کرکے ان کے نتائج جانچیں۔
اپنی نوٹ بک میں یہ فرق ضرور لکھیں:
پرامپٹ کسی خاص کام کی ہدایت ہے، کسٹم انسٹرکشنز عمومی ترجیحات بیان کرتی ہیں، جبکہ سسٹم انسٹرکشنز کسی AI اسسٹنٹ کے کردار اور کام کے اصول متعین کرتی ہیں۔
کمنٹ میں بتائیے کہ آپ نے اپنے AI ٹول میں کون سی ہدایات شامل کیں اور کیا اس کے جوابات میں کوئی فرق محسوس ہوا؟
@[100002633121644:2048:تنزیل الرحمن]
#Lesson4 #CustomInstructions #SystemInstructions #AIPersona #MindCraftsAI #CodeHubb
پچھلے تمام اسباق کے لیے واٹس ایپ چینل جوائن کریں اور سبق نمبر 3 کے لیے کمنٹ چیک کریں۔